جامعہ کے شعبہ جات
-
جامعہ میں موجود شعبہ جات
جامعہ میں اس وقت درجہ ذیل شعبے ہیں ؛
قسم الحدیث النبوی ﷺ
اس شعبہ میں علوم ِحدیث سے متعلق مختلف طرق سے کام کیا جاتا ہے
تخصص فی علوم الحدیث (روزانہ کلاسز)
اس کلاس میں وہ فضلاء کرام شریک ہوتے ہیں جو درس نظامی سے فراغت کے بعد تمام علوم حدیث میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں جو دیگر تخصصات کی طرح باقاعدہ روزانہ کے حساب سے تمام کلاسز میں شریک رہتے ہیں اور ان کے لئے ایک جامع نصاب ترتیب دیا گیا ہے جس میں حدیث سے متعلق درجہ ذیل علوم وفنون مفصل پڑھائے جاتےہیں مصطلحات الحدیث ، علم الجرح والتعدیل ، مناہج المحدثین ،تخریج حدیث ، دراسۃ السند ،اور علل الحدیث جیسے اہم علوم شامل ہے ۔ اس کے علاوہ اس کلاس میں تمرین افتاء اور روزانہ کی بنیادپر ایک حدیث حفظ کرنا بھی شامل ہے ۔ اس کورس کا دورانیہ ایک سال کا ہے جو شوال المکرم سے شروع ہوکر شعبان کے آخری عشرہ میں تکمیل پاتا ہے ،اور کلاس کا دورانیہ ظہر کی نماز سے لیکر عشاء تک رہتا ہے ۔
ہفتہ وار کلاس
یہ کلاس ان حضرات کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جو درس وتدریس ،امامت وخطابت ، کاروبار یا دیگر کسی مصروفیت کی وجہ سے یومیہ کلاس میں حاضر ہونے سے قاصر رہتے ہیں ،اس کا مقصد ان حضرات کو حدیث وعلوم ِحدیث کی طرف راغب کرنا اور ان میں اتنی صلاحیت پیدا کرنا کہ وہ حدیث مقبول ومردود میں فرق کرسکے تاکہ اپنے وعظوں ، خطبوں اور دروس وغیرہ میں احادیث ِضعیفہ اور من گھڑت قسم کی روایات کو بیان کرنے سے محفوظ رہیں اور ان کے ذریعے عوام وخواص میں پھیلی ہوئی بے بنیاد احادیث کی نشاندہی اور پھر انکا تعاقب کیا جاسکے ۔
اس کلاس میں بھی مصطلحات الحدیث ، علم الجرح والتعدیل ، علم العلل ،مناہج المحدثین ،اورتخریج ودراسۃ پر مختصر اور جامع انداز میں پروجیکٹر کی مدد سے پڑھائے جاتے ہیں ۔
مکتب القرآن
جس میں ناظرہ اور حفظ القران الکریم پڑھایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت ،عقائد اہل السنت والجماعت ، نماز، پاکی وناپاکی اور دیگر ابتدائی اور بنیادی قسم کے مسائل بھی سکھائے جاتے ہیں ۔
دراسات دینیہ
یہ شعبہ ان نوجوانوں اور بچوں کے لئے قائم کیا گیا ہے جو صبح کے وقت کوئی اور مشغلہ جیسے سکول وغیرہ میں مصروف رہتے ہیں اور ظہر کے بعد جامعہ میں دین کی بنیادی اور اہم مسائل سیکھنے آتےہیں ،اس درجہ میں ترجمہ قرآن کریم بمع مختصر تفسیر ،سیرت النبی المصطفیٰ ﷺ ، تعلیم الاسلام ،تاریخ اسلام اور دیگر ضروریات دین سکھائے اور پڑھائے جاتے ہیں ۔
حدیث دارالافتاء
جامعہ کے اندر دارالافتاء کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ حدیث سے متعلق تقریری اور تحریری طور پر تفصیل کے ساتھ تسلی بخش جوابات دیے جاسکے اور محدثین اوراصحاب الجرح والتعدیل کے اقوال وتحقیقات کی روشنی میں ذخیرہ احادیث میں سے صحیح ،حسن ، ضعیف ،منکر اور موضوع روایات کی نشاندہی ہوسکے اور ہر ایک روایت کو اس کا صحیح درجہ اور مقام حاصل ہو۔
لائبریری
اللہ تعالی ٰ کے فضل وکرم سے جامعہ میں طلباء کرام کے مطالعہ ،تحقیق وتخریج کے لئے لاکھوں روپے مالیت کی کتب کا ذخیرہ موجود ہے جن سے طلباء کرام اپنے مقالات ،وفتاویٰ جات میں استفادہ کرتے ہیں ۔
تصنیف وتالیف
جامعہ میں درس وتدریس کے ساتھ ساتھ تصنیف وتالیف کا شعبہ بھی قائم ہے جس میں چھوٹی بڑی کتابیں ،مختلف مضامین ، مقالات اور احادیث کی تحقیق وتخریج جاری رہتی ہے ۔
کمپیوٹر ابتدائی کورس
تعلیم وتعلم کے میدان میں جہاں کتب سے لا تعلقی اور استغناء نہیں کی جاسکتی وہی آج کے اس دور ِجدید میں نئے آلات اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ بھی وقت کی ضرورت بن چکی ہیں جن کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور کافی حدتک ممد ومعاون ثابت ہوتے ہیں اس لئے جامعہ میں طلباء کرام کو کتب کے ساتھ کمپیوٹر کے ابتدائی اور اہم چیزیں سکھائی جاتی ہیں تاکہ وہ اس سے اپنے کام میں مدد لے سکے جس میں الیکٹرانک مکتبات ،کمپوزنگ ،انٹرنیٹ کے ذریعے ریسرچ اور دیگر ضروری اشیاء سکھائی جاتی ہیں ۔
مختصر دورہ جات
جامعہ میں علمائے کرام کی سہولت کے لئے مختلف اوقات میں علوم ِ حدیث کے مختصر دورہ جات بھی کیے جاتے ہیں تاکہ علوم ِحدیث کی طرف علماء کی رغبت پیدا ہو ۔